برطانیہ کی اکثریت شاہی خاندان سے کوئی دلچسپی نہیں رکھتی، سروے
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )ایک غیر ملکی سروے کے مطابق برطانیہ کے جوان لوگوں میں 70 فیصد افراد کو شاہی خاندان سے کوئی دلچسپی ہی نہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی جانب سے شائع کردہ سروے میں برطانیہ کے ان لوگوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں شاہی خاندان سے کوئی دلچسپی ہے۔ یہ سروے برطانوی شاہ چارلس کی رسم تاج پوشی سے ایک دن قبل شائع کیا گیا تھا۔سروے کے مطابق 18 سال سے 24 سال تک کے 70 فیصد نوجوان ایسے ہیں جو تاج پوشی کی رسم میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ اسی طرح 25 سے 49 سال کی عمر کے 64 فیصد افراد، 50 سے 64 سال کے 53 فیصد اور 65 اور اس سے زیادہ عمر کے 42 فیصد لوگوں نے بھی اس حوالے سے کسی قسم کی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔سروے میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر برطانیہ کے 54 فیصد افراد کا ماننا ہے کہ انہیں بادشاہی نظام میں دلچسپی ہے جبکہ ملک کا ایک بڑا حصہ (58 فیصد) اب بھی اس نظام میں دلچسپی نہیں رکھتا۔خیال رہے کہ برطانیہ میں گزشتہ روز ہونے والی رسمِ تاج پوشی پر کئی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ سی این این کے مطابق ایسے وقت میں جب برطانیہ شدید ترین مہنگائی کی زد میں ہے، صرف تاج پوشی کی رسم پر ساڑھے 12 کروڑ ڈالرز یعنی 36 ارب روپے اُڑا دیے گئے۔