ای سی سی نے کریانہ ریٹیلرز کیلئے 8فیصد احساس راشن کمیشن کی منظوری دیدی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ای سی سی نے کریانہ ریٹیلرز کے لیے 8فی صد احساس راشن کمیشن کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا، "احساس راشن رعایت ڈیزائن کے تحت، کریانہ ریٹیلرز کے لیے 8فی صد خصوصی کمیشن عالمی طریقہ کارکے عین مطابق ہے۔” انہوں نے مزید کہا، "یہ خصوصی پیشکش کریانہ ریٹیلرز کی راشن رعایت پروگرام کے ذریعے سبسڈی کی تقسیم میں حکومت کی مدد کرنے میں حوصلہ افزائی کرے گی۔”کریانہ ریٹیلرز کو بااختیار بناتے ہوئے، احساس راشن کمیشن انہیں نقد پر مبنی لین دین سے الیکٹرانک لین دین کی طرف منتقل کرنے، اپنے بینک اکاؤنٹس کھولنے، انٹرنیٹ سے چلنے والے آلات نصب کرنے اور پروسیسنگ پر خرچ ہونے والے اضافی وقت کی تلافی کرنے کے قابل بنائے گا۔ سرکاری بیان کے مطابق، کریانہ ریٹیلرز بھی ہر سہ ماہی ہونے والے لکی ڈرا سیکاریں، موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور دیگر مختلف انعامات جیت کرفائدہ اٹھائیں گے اور یہ ان کی کارکردگی سے منسلک ہوگا۔ نیشنل بینک آف پاکستان حساس راشن رعایت پروگرام کے لیے حکومت کا عملدرآمدی شراکت دار ہے۔فی الحال، احساس راشن پورٹل ملک بھر میں تمام پیمانے کے کریانہ ریٹیلرز کو رجسٹر کرنے کے لیے کھلا ہے۔ کریانہ ریٹیلرزکے لیے بینک اکاؤنٹ کا ہونا لازمی ہے۔ جن کے بینک اکاؤنٹس نہیں ہیں انہیں این بی پی کی قریبی شاخوں میں اپنے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ خاندان 8171 کے ذریعے رجسٹر کر سکتے ہیں۔رجسٹریشن کے بعد، کریانہ اسٹورز کی موجودگی کی تصدیق کی جائے گی۔