ایلون مسک ٹوئٹر ملازمین کیلئے نئی مشکل کھڑی کرنے کو تیار

راولپنڈی (نیوز ڈیسک )معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک ٹوئٹر کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے نئی مشکل کھڑی کرنے جا رہے ہیں۔ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کی 50 فیصد افرادی قوت کو فارغ کرنے کے بعد اب کمپنی کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے ایک اور سخت اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔نیویارک ٹائمز کی ٹیک رپورٹر، کیٹ کونگر کے ایک ٹوئٹ کے مطابق ٹوئٹر کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کو والدین بننے پر تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں (پیڈ پیٹرنل لیوز) کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹوئٹر اب اپنے ملازمین کو والدین بننے پر 20 ہفتوں (چار ماہ) کی بجائے 2 ہفتوں کی چھٹی دے گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق والدین کی چھٹیوں کی پالیسی میں تبدیلی سے متعلق ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔یاد رہے کہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک ٹوئٹر کمپنی کی پوری کمیونیکیشن ٹیم سمیت 50فیصد ملازمین کو فارغ کر چکے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر ملازمین کو پہلے والدین بننے پر 20 ہفتوں کی چھٹیاں بمعہ تنخواہ ادا کی جا رہی تھیں، چھٹیوں کی پالیسی میں یہ نئی تبدیلی اخراجات بچانے کے لیے کی جا رہی ہے۔دوسری جانب ایلون مسک کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ ٹوئٹر کو چلانے کے لیے زیادہ ملازمین کی ضرورت نہیں ہے، برطرفی کے علاوہ، مسک نے ملازمین کو دی جانے والی کئی مراعات میں بھی کمی کی ہے جیسا کہ دوپہر کا مفت کھانا وغیرہ۔