انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کو چھوڑ دیا
معروف ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین سے الگ ہو گئی ہیں، وہ 20 سال سے زائد ادارے کے لیے بطور نمائندہ خصوصی خدمات انجام دیتی رہیں۔عرب نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ اور اداکارہ کی جانب سےگزشتہ روز جاری مشترکہ بیان کہا گیا کہ اداکارہ اپنے عہدے سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے وسیع پیمانے پر انسانی حقوق سے متعلق ایشوز پر کام کرنے جا رہی ہیں۔بیان میں انجلینا جولی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میں دنیا بھر میں کہیں بھی موجود پناہ گزینوں، مہاجرین اور بے گھر افراد کے لیے جتنا ہو سکا کام جاری رکھوں گی۔انہوں نے عہدہ چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ہے کچھ مختلف انداز میں کام کرنے کا، جس کے لیے براہ راست پناہ گزینوں اور ان کے لیے کام کرنے والے مقامی امدادی اداروں سے رابطہ کروں گی۔واضح رہے کہ انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کے ساتھ 2001 میں کام شروع کیا تھا اور 2012 میں ان کو نمائندہ خصوصی کا عہدہ دیا گیا تھا۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلپ گریندی کا کہنا ہے کہ یو این ایچ سی آر کے ساتھ کامیاب اور طویل عرصہ گزارنے پر میں انجلینا جولی کے اس فیصلے حمایت کرتا ہوں اور سراہتا ہوں وہ لوگوں کی مدد کے طریقہ کار میں قدرے تبدیلی لا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پناہ گزینوں کی مدد کا جذبہ ان کے دل کے قریب رہے گا اور مجھے یقین ہے کہ اب وہ اسی جذبے کے ساتھ وسیع پیمانے پر کام کریں گی۔