امیتابھ بچن کا نام، تصویر اور آواز بغیر اجازت استعمال کرنے پر پابندی عائد
دہلی ہائیکورٹ نے بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ دیا ہے کہ اداکار کا نام، تصویر یا آواز ان کی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کی جاسکتی۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت اور ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کو امیتابھ بچن سے متعلق مواد ہٹانے کی بھی ہدایت کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جسٹس نوین چاؤلہ نے کہا کہ امیتابھ بچن ان لوگوں سے ناراض ہیں جو بغیر اجازت اپنے سامان اور خدمات کی تشہیر کے لیے ان کا استعمال کر رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق 80 سالہ امیتابھ بچن نے اپنی تصویر، نام اور آواز کے بغیر اجازت استعمال کو روکنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ ٹی شرٹس پر ان کی تصویر لگائی جارہی ہے، کوئی ان کا پوسٹر بیچ رہا ہے اور کسی نے ان کے نام سے ڈومین بھی رجسٹر کرلیا ہے۔امیتابھ بچن نے عدالت سے کتاب چھاپنے، ٹی شرٹ بیچنے والوں اور دیگر کاروبار کرنے والوں کے خلاف پابندی کے حکم کی بھی استدعا کی تھی۔