امریکہ اور کینیڈا میں شدید برفانی طوفان،38افراد ہلاک

امریکہ اور کینیڈا میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی۔دونوں ممالک میں اب تک کم از کم 38 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔بم سائیکلون کو امریکہ کی تاریخ کا بدترین برفانی طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔ اب تک 34 افراد طوفان کی زد میں آکر ہلاک ہوچکے ہیں۔ ملک بھر میں تین لاکھ پندرہ ہزار سے زائد گھر اور کاروباری مراکز کی بجلی منقطع ہے۔امریکی ریاستوں نیویارک، ویسٹ ورجینیا، کینٹکی، جورجیا، نارتھ کیرولائنا اور اوکلاہوما میں ریاستی ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔طوفان کے باعث سب سے زیادہ نیویارک ریاست کا شہر بفلو متاثر ہوا ہے۔ جہاں برفباری کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہے۔کینیڈا کو بھی برفانی طوفان نے گھیر لیا۔ شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہے۔ سیکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ برٹش کولمبیا میں مسافر بس حادثے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔جاپان کے مختلف علاقوں میں ایک میٹر تک برفباری ریکارڈ کی گئی، برفباری کے بعد مختلف حادثات میں چودہ افراد ہلاک ، نوے زخمی ہو گئے ۔برطانیہ کے مختلف حصوں میں شدید برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کردی۔