امریکا میں کورونا سے اموات9لاکھ سے تجاوز کر گئیں

 کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز عمر رسیدہ افراد کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے،امریکی حکام

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کر گئی ، دوسری جانب امریکی حکام نے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کو عمر رسیدہ افراد کے لیے مفید قرار دے دیا۔سی ڈی سی حکام نے کہا کہ 65 برس سے کم عمر کے افراد پر بوسٹر کے خاطر خواہ اثرات نہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز عمر رسیدہ افراد کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔ ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے جاری کئے گئے بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس سے اب تک 9 لاکھ سے زائد امریکی جان سے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم کورونا وائرس کی وبا سے مرنے والوں کے پیاروں کا دکھ اپنے دلوں میں محسوس کرتے ہیں۔امریکی صدر نے شہریوں پر کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین اور بوسٹرز ناقابلِ یقین حد تک کورونا کی وبا کے خلاف موثر ثابت ہوئے ہیں اور اعلیٰ ترین سطح کا تحفظ دیتے ہیں۔