امریکا میں ایک طرف موسم سرما کا طوفان تو دوسری جانب ہیٹ ویو کا سامنا

امریکا میں ایک طرف موسم سرما کے طوفان ہیں تو دوسری جانب ہیٹ ویو کا سامنا ہے۔ موسم سرما کے طوفان کے باعث بڑے پیمانے پر نظام زندگی مفلوج ہے۔ملک بھر میں 75 ملین افراد موسم سرما کی وارننگ کے زیر اثر ہیں، ریاست نارتھ اور ساؤتھ ڈکوٹا، منیسوٹا اور وسکونسن میں کئی اسکول اور کاروبار بند ہیں۔حکام کے مطابق طوفان کا نظام ریاست نیبراسکا سے نیو ہیمپشائر تک 1,300 میل تک پھیل سکتا ہے، طوفان کے نتیجے میں امریکا میں 1700 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔دوسری جانب امریکا کے جنوب مشرقی حصوں کو شدید گرم موسم کا سامنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں گرمی کی شدت بڑھنے سے 150 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب ہے۔اس کے علاوہ ریاست ٹیکساس، کینٹکی، جارجیا اور ٹینیسی کے شہروں میں ریکارڈ گرمی پڑ رہی ہے۔فلوریڈا اور لوزیانا کے شہروں میں بھی گرمی کے ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔ادھر شمال میں پڑوسی ملک کینیڈا میں ٹورنٹو سمیت ملک کا بڑاحصہ سرد موسم کی وارننگ کے زیر اثر ہے، جس کے باعث ایئر کینیڈا نے اپنی طے شدہ پروازوں کا ایک چوتھائی حصہ منسوخ کر دیا ہے۔