امارات کا یوکرین کے متاثرین کیلئے 50 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان
متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر مدد کی اپیل پر یوکرین میں متاثرین کے لیے پچاس لاکھ امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اماراتی خبررساں ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے بیان میں کہا کہ ’یوکرین میں شہریوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کا اہتمام کیا جائے گا‘۔ امارات نے کہا کہ’ انسانیت نوازایجنسیوں کو یوکرین میں جانے، محفوظ راہداریاں قائم کرنے اور یوکرین سے نکلنے کے خواہشمند ہر شخص کو بلا تفریق نکلنے کی اجازت دی جائے‘۔ بیان میں کہا گیا کہ’ یوکرین کی انسانی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں جو نکات زیر بحث آئے ان کے مطابق انسانیت نواز کام انجام دیے جائیں‘۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے منگل یکم مارچ کو یوکرین میں اقوام متحدہ کے انسانیت نواز ا?پریشنز کی فنڈنگ میں تعاون کی اپیل کی تھی۔ مشکلات سے دوچار ہزاروں افراد کی مدد کے لیے امداد انتہائی ضروری ہے۔