افغان طالبان کا ملک سے فرار ہونے والوں کے گھر کرائے پر دینے کا فیصلہ

طالبان نے افغانستان سے فرار ہونے والے شہریوں کے گھروں سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا۔

طالبان کی جانب سے 15 اگست کو کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ہزاروں افغان شہریوں نے بھی افغانستان سے انخلا کیا۔

اب طالبان نے افغانستان چھوڑ کر جانے والے شہریوں کے گھر کرائے پر دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کابل بلدیہ نے بھی حکم نامہ جاری کردیا۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خالی گھر کرائے پر دینے کے ساتھ مالکان کے نام پر خصوصی بینک اکاؤنٹس کھولے جائیں گے جس میں کرائے کی مد میں رقم جمع کی جائے گی۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جب مالکان واپس وطن آئیں گے تو ان کو گھر اور کرایہ ادا کیا جائے گا۔

دوسری جانب کابل کی مقامی انتظامیہ نے انتظامی افسران سے خالی گھروں کی فہرستیں بھی طلب کرلی ہیں۔

خیال رہے کہ طالبان رہنماؤں نے امریکی انخلا کے دوران افغان شہریوں سے متعدد بار ملک نہ چھوڑنے کی اپیل کی تھی۔