اذان کا احترام ، بھارتی اداکار نے پریس کانفرنس روک دی
بھارتی ٹی وی اداکار کرن کندرا نے اپنے نئے ڈرامے کی تشہیر کے دوران اذان کی آواز سن کر پریس کانفرنس روک دی۔سوشل میڈیا پر بھارتی اداکار کرن کندرا کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار اپنے نئے ڈرامے کی تشہیر کیلئے پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ اچانک اذان کی آواز سن کر میڈیا کو اذان کے احترام میں 2 منٹ کیلئے خاموشی اختیار کرنے کو کہہ کانفرنس روک دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر کرن کندرا کو اذان کے احترام میں خاموشی اختیار کرنے پر خوب سراہا جارہا ہے صارفین کا کہنا ہے کہ اگر ہم سب اسی طرح ہر مذہب کا احترام کریں تو دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے۔ایک صارف نے کہا کہ نفرت تو ہر کوئی کماتا ہے لیکن پیار کوئی کوئی کماتا ہے۔ فرزین اختر نامی ایک صارف نے لکھا کہ اب اس بندے کی عزت کرنا ہم پر فرض ہے۔یاد رہے کہ 38 سالہ کرن کندرا جلد اپنی ساتھی اداکارہ تیجسوی پرکاش سے شادی کرنے والے ہیں اور ان دونوں کی جوڑی بھارت سمیت سوشل میڈیا پر بھی بےحد مقبول ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایک مرتبہ ریئلٹی شو بگ باس کی افتتاحی تقریب کے دوران اذان کی آواز آنے پر خان سلمان خان نے بھی خاموشی اختیار کر لی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا تھا۔