آسٹریلیا: کرنسی نوٹ سے ملکہ الزبتھ دوئم کی تصویر ہٹانے کا فیصلہ
آسٹریلیا کے سینٹرل بینک نے اعلان کیا ہے کہ 5 ڈالر کے نوٹ سے ملکہ الزبتھ دوئم کی تصاویر ہٹا دی جائیں گی۔سینٹرل بینک کے مطابق نوٹ کا نیا ڈیزائن بنایا جائے گا جو ملک کی مقامی ثقافت کی عکاسی کرے گا۔ریزرو بینک آف آسٹریلیا نے کہا کہ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے کیا گیا ہے جو اس تبدیلی کی حامی ہے۔نوٹ کی دوسری طرف حسبِ روایت آسٹریلوی پارلیمنٹ کی تصویر ہوگی۔پچھلے برس ملکہ الزبتھ کی وفات کے بعد سے آسٹریلیا میں یہ بحث جاری ہے کہ ملک میں آئینی بادشاہت کا نظام قائم رہے یا نہیں۔1999 کے ایک ریفرنڈم میں بھی ووٹرز بہت کم مارجن سے برطانوی بادشاہت کو ریاست کا سربراہ منتخب کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور 12 دیگر دولت مشترکہ ممالک کے سربراہ ہیں۔