آخری بال تک لڑا اور لڑونگا ، عمران : آج قوم سے خطاب 

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ وزیر قانون و اطلاعات فواد چودھری نے بتایا جمعرات کو پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان آج رات قوم سے خطاب بھی کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آج شام قوم سے خطاب کروں گا۔ پاکستان کیلئے ہمیشہ آخری بال تک لڑا اور لڑوں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے 18ویں ترمیم کے بعد ملک فریکچرڈ سا لگتا ہے،  18ویں ترمیم کے بعد صوبے ایک طرف اور وفاق دوسری طرف دکھائی دیتا ہے، جب کوئی شہری مشکل میں ہو تو اسے اعتماد ہو کہ حکومت ساتھ ہے۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ   نچلے طبقے کو اوپر لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کوشش کررہے ہیں کہ عام آدمی کو وکیل حکومت کر کے دے۔ وزیراعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے قانونی ٹیم کی ملاقات میں سپریم کورٹ کی سماعت اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف جمعہ کے روز اپنے مستقبل کے فیصلوں کیلئے بیٹھک لگائے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سیاسی کمیٹی‘ پارلیمانی پارٹی ‘ لیگل ٹیم کے ساتھ ہمہ جہت مشاورت کریں گے جن میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کیلئے پیدا  شدہ امور پر  ہمہ جہت طریقوں سے غور کیا جائے گا۔ اسمبلی سے استعفوں کے آپشن سے سیاسی فوائد‘ انتخابی حلقوں میں منتخب نمائندگان کی صورتحال‘ کارکردگی‘ اور فعال کرنے کے پہلو زیر غور آئیں گے۔ پی ٹی آئی کے اعتراضات اور چیئرمین  تحریک انصاف کے اقتدار میں مائنس ون باتوں کا جواب دینے اور ان کی لیڈر شپ پر بھر پور اعتماد کے اظہار کو اجاگر کیا جائے گا۔ عدم اعتماد پاس ہونے کی صورت میں عمران خان اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے اپنی پارلیمانی پارٹی کے موثر  رول کا بھی آپشن اولین قرار دے سکتے ہیں۔