آئی ایس پی آر کے اعلامیے پر پی ٹی آئی کا وضاحتی اعلامیہ
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے پر تحریک انصاف نے بھی وضاحتی اعلامیہ جاری کر دیا۔تحریک انصاف نے اعلامیے میں کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز زمینی صورتحال کے ادراک پر مبنی نہیں، پی ٹی آئی نے ہمیشہ آئین وقانون سے انحراف کی حوصلہ شکنی کی ہے۔پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد عوامی ردعمل بہت سے عوامل سے جڑا ہے، ماورائے قانون اقدامات اور معیشت کی تباہی نے بھی تلخی پیدا کی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اپنی ساخت، نظریے اور منشور کے اعتبار سے ایک جمہوری جماعت ہے جو پرامن، غیرمتشدد اور آئین و قانون پر کار بند رہ کر مقاصد کے حصول پر یقین رکھتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا تھا کہ عمران خان کو قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا، گرفتاری کے بعد منظم طریقے سے آرمی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے۔