یوکرین کے صدر نے انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ اور پراسیکیوٹر جنرل کو فارغ کر دیا
کیف(نیوزڈیسک)یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ اور پراسیکیوٹر جنرل کو عہدوں سے فارغ کر دیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ولودومیر زیلیسنکی نے انٹیلی جنس ایجنسی ایس بی یو اور پراسیکیوٹر جنرل آفس میں بغاوت کے کئی کیسز کے باعث دونوں اہم اداروں کے سربراہوں کو عہدوں سے فارغ کیا۔یوکرین کے صدر کا کہنا ہے کہ دونوں اداروں کے 60 سے زائد سابق ملازمین روس کے زیر تسلط علاقوں میں یوکرین کے خلاف کام کر رہے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف بغاوت اور اس میں معاونت کے 650 سے زائد مقدمات کا آغاز کر دیا ہے۔ایک ویڈیو بیان میں ولودومیر زیلینسکی نے کہا کہ ملکی سلامتی کے دو اہم ستونوں میں سنگین نوعیت کے جرائم کا سامنے آنا ان اداروں کے سربراہوں کے کردار پر سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے۔عہدوں سے فارغ ہونے والے یوکرین کی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ اور پراسیکیوٹر جنرل کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔