کینیڈا میں کرونا کی نئی قسم کے 2کیسز کی تصدیق
کینیڈا میں کرونا کی نئی قسم اومی کرون کے دو کیسز رپورٹ ، ان افراد نے حال ہی میں نائجیریا کا سفر کیا تھا۔ وفاقی اور اونٹاریو کے صوبائی حکام نے کہا کہ دونوں مریض آئسولیشن میں ہیں جبکہ صحت عامہ کے حکام ان کے ممکنہ رابطوں کا سراغ لگا رہے ہیں۔ کینیڈین وزیر صحت جین یویس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہیں پیر کو کینیڈا کی پبلک ہیلتھ ایجنسی کی طرف سے مطلع کیا گیا کہ اونٹاریو میں ٹیسٹنگ کے دوران کرونا کی نئی قسم اومی کرون کے دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ملک میں ٹیسٹنگ اور مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ توقع ہے کہ نئی قسم کے دیگر کیسز بھی کینیڈا میں پائے جائیں گے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اومی کرون کو پچھلے تمام ویرینٹ سے خطرناک قرار دیا ہے اور دنیا بھر کے ممالک اب جنوبی افریقہ سے سفر پر پابندی لگا رہے ہیں۔ جمعہ کے روز، کینیڈا نے اومی کرون کے پھیلا کے خدشات پر سات افریقی ممالک کے سفر پر پابندی لگائی تھی۔ تاہم، نائجیریا اس میں شامل نہیں تھا۔