ڈاکوؤں اور چوروں کا ٹولہ کچھ بھی کرلے میں تیار ہوں: وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں اور چوروں کا ٹولہ کچھ بھی کرلے میں تیار ہوں۔

خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ نے انسان کو زمین پر انصاف قائم کرنے کے لیے بھیجا اور اس کا درجہ عبادت کے برابر ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بننے والا دنیا کا واحد ملک ہے ، مدینہ کی ریاست کی بنیاد قانون کی حکمرانی اور امر بالمعروف ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی بہت ضروری ہے، طاقتور چور بڑی بڑی چوریاں کرتا ہے، طاقت ور چوری کرکے بچ جاتا ہے اور غریب کو سزا ہوجاتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ طاقتور بلیک میل کرتا ہے ، وہ این آر او مانگتا ہے، وہ کہتا ہے کہ اگر آپ نے ہماری چوری معاف نہ کی تو حکومت گرادیں گے۔ جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا، ان کے خلاف جہاد کروں گا۔اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا میں میرا شمار 5 بہترین کپتانوں میں ہوتا تھا، ایک کپتان جب میدان میں اترتا ہے تو اپنے مخالف کی ہر چیز کا خیال رکھتا ہے، وہ ہر قسم کی حکمت عملی تیار رکھتا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کا پلندہ اور چوروں کا ٹولہ کچھ بھی کرلے میں تیار ہوں، انصاف کی جنگ لڑ رہا ہوں اللہ نے ہمیشہ مجھے کامیاب کیا ہے اور اس میں بھی کامیاب کرے گا۔