چینی اور پاکستانی طلبا کی پاک چین دوستی کے نئے دور پر فن پاروں کی نمائش
اسلام آ باد (نوائے وقت رپورٹ ) چینی اور پاکستانی طلبا کی پاک چین دوستی کے نئے دور پر فن پاروں کی نمائش، دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں موجود دوستی اور سفارتی تعلقات کی عکاسی کی گئی۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق رواں سال چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ ہے۔ اس اس حوالے ایک تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے طلبا نے نمائش میں تصویروں کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں موجود دوستی او ر سفارتی تعلقات کی عکاسی کی۔ چین کی ہینان نرمل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سرگودھا اور پاکستان میں روٹس ملینیم سکولز میں نمائش کی گئی چینی اور پاکستانی طلبا کی پینٹنگز نے دونوں ممالک کے لوگوں کو بہت متاثر کیا۔ ان فن پاروں کے ذریعے، لوگ دونوں ممالک کی ثقافت اور لوگوں کے بارے میں جانکاری اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے مثبت کردار اور وقت کے ساتھ ساتھ دوستی کے حوالے سے ان کی پہچان کی جھلک دیکھ سکتے ہیں۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستان میں چینی سفارت خانے کے وزیر پینگ چن شوئے نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان تعلقات غیر متزلزل ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ سی پیک نہ صرف پاکستان کی معیشت اور معاشرے کی سبز اور پائیدار ترقی کے لیے ایک طاقتور محرک فراہم کرتا بلکہ چین پاکستان ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں اور تعاون کو بھی فروغ دیتا ہے۔ فن کی کوئی سر حد نہیں ہوتی۔ دونوں ممالک کے طلبا کے درمیان ثقافتی تبادلوں کی ایک کڑی کے طور پر، آرٹ نمائش ہمارے نوجوانوں کو قریب لا رہی ہے۔ صوبہ ہینان کے محکمہ تعلیم کے سیکنڈری انسپکٹر ڑو ہینگ ڑین، ہینان نرمل یونیورسٹی میں سی پی سی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری چن گوانگ، یونیورسٹی آف سرگودھا میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل الرحمان اور سی ای او ملینیم ایجوکیشن گروپ پاکستان فیصل مشتاق و دیگر نے تقریب میں شرکت کی۔