چودھری شجاعت حسین کا سیاسی کشیدگی سے دلبرداشتہ ہو کر سیاست چھوڑنے پر غور،نجی چینل نے بڑادعویٰ کردیا

صدر پاکستان مسلم لیگ (ق)چودھری شجاعت حسین سیاسی کشیدگی کے باعث دلبرداشتہ ہوگئے ،سیاست چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ گزشتہ روز چودھری پرویز الہیٰ کی عیادت کے لیے ان کے گھر گئے تو چودھری شجاعت حسین اورچودھری وجاہت حسین بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے چودھری شجاعت حسین کو مشورہ دیا کہ بطورسینئر سیاستدان کشیدگی اور انتہا پسندی ختم کرنے کے لیے میدان میں آئیں۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ملکی سیاست میں حالیہ کشیدگی کا ذکر ہوا تو چودھری شجاعت حسین نے انتہائی دل گرفتہ انداز میں کہا کہ میں تو سوچ رہا ہوں کہ اب سیاست میں رہنا بھی ہے یا نہیں جس پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ چودھری صاحب! آپ وضع دار سیاسی شخصیت ہیں،

سیاست چھوڑنے کے بجائے بہتر ہے سیاسی کشیدگی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے میدان میں آئیں۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے چودھری شجاعت حسین سے کہا کہ قوم کو سمجھائیں کہ یہ سب کچھ کسی کے مفاد میں بھی نہیں، جس پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ لیاقت صاحب میں اپنا ذہن بناتا ہوں، پھر آپ سے ملاقات کرکے بات کروں گا۔