پی ٹی آئی رہنماحلیم عادل شیخ گرفتار
لاہور (نیوزڈیسک )سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما حلیم عادل شیخ کو سادہ لباس اہلکاروں نے لاہور کے نجی ہوٹل سے حراست میں لے لیاہے ۔تفصیلات کے مطابق ترجمان حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو لاہور سے سادہ لباس اہلکار اپنے ساتھ لے گئے۔ ترجمان کے مطابق حلیم عادل شیخ گزشتہ روز لاہور پہنچے تھے، حراست میں لینے والے افراد کس ادارے سے ہیں یہ نہیں بتایا گیا۔سادہ لباس افراد کی حلیم عادل شیخ کو اپنے ہمراہ لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے ، فوٹیج میں ہوٹل کے باہر ڈبل کیبن گاڑی کو آکر رکتے دیکھا جاسکتا ہے اور پھر سادہ لباس افراد ہوٹل میں داخل ہوتے ہیں تاہم بعد ازاں ہوٹل کی لابی میں حلیم عادل شیخ کو ان افراد کے ساتھ جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔دوسری جانب سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حلیم عادل شیخ کے خلاف مبینہ کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کہیں ظاہر نہیں کی جارہی،خدشہ ہے کہ سندھ حکومت کے جرائم پیشہ افراد نے انہیں اغوا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کا نقصان ہوا تو ذمہ دار سندھ حکومت ہو گی۔ واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔