پنجاب کے تعلیمی ادارے 23دسمبر تا 6جنوری بند ، دیگر صوبوں میں بھی چھٹیوں کا اعلان

لاہور‘ اسلام آباد (لیڈی رپورٹر+نمائندہ خصوصی) اسلام آباد‘ سندھ اور خیبر پی کے میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا۔ وفاقی نظامت تعلیمات نے موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اسلام آباد میں تعلیمی ادارے تین جنوری سے 9 جنوری تک بند رہیں گے۔ سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 20 دسمبر سے شروع ہوں گی۔ تعلیمی ادارے یکم جنوری تک بند رہیں گے۔ خیبر پی کے حکومت نے بھی موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔ میدانی علاقوں کے تعلیمی ادارے تین جنوری سے 12 جنوری اور پہاڑی علاقوں کے تعلیمی ادارے 24 دسمبر سے 28 فروری تک بند ہوں گے۔ بلوچستان کے گرم اضلاع میں 25 دسمبر سے تین جنوری تک تعلیمی اداروں میں چھٹیاں ہوں گی۔ کوئٹہ سمیت سرد علاقوں میں ڈھائی ماہ کی چھٹیاں شروع ہو گئیں۔ 15 دسمبر سے شروع تعطیلات 28 فروری تک رہیں گی۔ لاہور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں سکولوں کو 23 دسمبر سے 6 جنوری تک بند کر دیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی یقین دہانی پر لاہور ہائیکورٹ نے 21 دسمبر کو نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواستوں میں بتایا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود سموگ پر قابو نہیں پایا جا رہا۔ دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے سموگ میں حالیہ اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیں پنجاب میں حکومت سکولوں سے متعلق کیا اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ 23 دسمبر سے پنجاب میںسکولز بند کرنے جا رہے ہیں۔ اس پر عدالت نے کہا کہ اب فیصلے کا وقت ہے، پنجاب حکومت اس کا نوٹیفکیشن پیش کرے۔ دوسری جانب این سی او سی نے سردیوں کی چھٹیوں کو ری شیڈول کرتے ہوئے 3 جنوری سے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے این سی او سی کا خصوصی اجلاس  وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شدید سردی اور دھند والے علاقوں کے علاوہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات آئندہ سال 3 جنوری سے دی جائیں گی۔ وفاقی تعلیمی اداروں میں 3 سے 9 جنوری تک چھٹیاں ہوں گی، جبکہ دھند والے علاقوں میں چھٹیوں کا فیصلہ صوبائی حکومتیں خود کریں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں عملی طور پر یکم جنوری سے چھٹیاں شروع ہوجائیں گی۔ این سی او سی کا کہنا تھا کہ نیا ویرینٹ اومی کرون تیزی سے دنیا میں پھیل رہا ہے۔ اسی تناظر میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کیا گیا ہے۔ تعطیلات ری شیڈول کرنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ طلباء و طالبات کو کووڈ ویکسین لگانا ہے۔ سکول کھلے رکھنے سے لاکھوں سٹوڈنٹس کووڈ ویکسین سے مستفید ہو سکیں گے۔ والدین اپنے بچوں کو جلد از جلد کووڈ سے بچائو کی ویکسین لگوائیں۔ لاہور سے لیڈی رپورٹر کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر مراد را س کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں 23 دسمبر تا 6 جنوری تک رہیں گی۔ شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی ویکسی نیشن کروائیں اور کرونا ایس او پیز پر عمل کریں۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا کہنا تھا پنجاب میں 10 سے 12 روز‘ بلوچستان میں 2 سے 3 ماہ کی تعطیلات ہو سکتی ہیں۔ سندھ‘ کے پی کے اور اسلام آباد تعطیلات کے حوالے سے خود فیصلہ کریں گے۔ اسلام آباد  سے نمائندہ خصوصی کے مطابق این سی او سی کے اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، ڈاکٹر فیصل سلطان اور دیگر شریک تھے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 3 جنوری سے چھٹیوں کا فیصلہ تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن مکمل کرنے کے لیے کیا گیا ہے، دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سربراہ این سی او سی اسد عمر سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا  ہماری سفارش ہے کہ 20 دسمبر سے موسم سرما تعطیلات کریں۔