وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس،پنجاب حکومت کا بلدیاتی نمائندوں کو قانون کے تحت سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کو قانون کے تحت ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرے گی اور بلدیاتی اداروں کے نمائندوں سے رابطہ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے رابطوں کیلئے صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو فعال کردیا گیا ہے اورنوٹیفکیشن جاری کیا جاچکا ہے جبکہ ایڈمنسٹریٹرزکی تقرری واپس لے چکے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو جلد حتمی شکل دے کر کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔عدلیہ کے فیصلے کا احترم کرتے ہیں اور تمام اقدامات آئین اورقانون کی روشنی میں کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید،چیف سیکرٹری،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری قانون،سیکرٹری بلدیات اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی.