وزیر اعظم دورۂ چین کے بعد متحرک، 2 اہم اجلاس آج طلب
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آج 2 اہم اجلاس طلب کیے ہیں جن میں پارٹی ترجمانوں اور پی ٹی آئی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت پارتی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس دن کے وقت 1 بجے جبکہ پارٹی ترجمانوں کا اجلاس سہ پہرکے وقت ہوگا۔ سی ای سی اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا جائیگا۔وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس آج طلب کیا جو سہ پہر 4 بجے ہوگا۔اجلاس کے دوران پارٹی ترجمانوں کو دورۂ چین کے متعلق آگاہ کیا جائے گا اور اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کے متعلق بھی گفتگو ہوگی۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ (فروری) کے دوران روس کا دورہ کریں گے، روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیر اعظم کو دورۂ روس کی دعوت دی ہے۔پاکستان اور روس کے مابین تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں۔
وزیر اعظم گزشتہ روز چین سے وطن واپس پہنچ گئے۔ پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو دورۂ چین کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے روس کے دورے کی دعوت ملی۔ دورے کا مقصد پاک روس تعلقات کو فروغ دینا ہے۔