میانوالی: 2 کمسن بچے نہر میں گر کر جاں بحق، نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا

میانوالی+ واں بھچراں (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) پپلاں کے نواحی علاقہ 17ایل ایم میں نہر میں گرنے سے دوکمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔ مقامی افراد کی مدد سے ریسکیو1122 نے بچوں کو زندہ نکال لیا جو بعد میں چل بسے۔ تفصیلات کے مطابق 17ایم ایل کے چار سالہ عنصر علی ولد سعید احمد اور ذوالقرنین ولد حاجی عباس جس کی عمر تقریباً ساڑھے تین سال ہے 9ایم ایل کا رہائشی تھا، نہر پرکھیل رہے تھے جن کے پائوں پھسل گئے نہر میں گرگئے۔ بچوں کے شور مچانے پر علاقہ مکین پہنچ گئے، ریسکیو1122کو اطلاع دی بچوں کو زندہ نکال لیا، بچوں کو قریبی ہسپتال لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گئے، دونوں کمسن بچوں کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ بچوں کی نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار تھی۔ واضح رہے کہ دونوں وفات پاجانے والے بچے آپس میں قریبی عزیز تھے۔