ماضی کی حکومتوں نے حکومتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے ترقیاتی منصوبہ بندی کرتے وقت حکومتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی، موجودہ حکومت تاریخ میں پہلی مرتبہ برآمدی ترقی پر مبنی منصوبہ بندی متعارف کرا رہی ہے، با صلاحیت نوجوان افرادی قوت، سیاحت اور سمندر پار مقیم پاکستانی سرمایہ کار ملک کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ملک میں صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ سے روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کو برآمدات میں اضافے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے مزید فعال بنایاجارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ملکی ترقی کیلئے منصوبہ بندی و لائحہ عمل کے فریم ورک اور اس نظام میں اصلاحات پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا شوکت ترین، اسد عمر، حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داد، معاونِ خصوصی سی پیک خالد منصور اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ شرکا کو وزارتِ منصوبہ بندی کی طرف سے حکومت کے 5 سالہ ترقیاتی منصوبہ بندی کے طریقہ کار میں موجودہ حکومت کی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران منصوبہ بندی کے نظام، اس کی خامیوں، خطے اور دنیا کے مقابلے میں پاکستان کی ترقی کی راہ میں ماضی کی حکومتوں کے جامع اور وقت سے ہم آہنگ منصوبہ بندی کو نظرانداز کرنے کی وجہ سے حائل رکاوٹوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملکی ترقیاتی منصوبہ بندی کی تشکیل کا رائج نظام بدلتے وقت کی ضروریات کی مناسبت سے ضروری تبدیلیاں نہ کرنے کی وجہ سے فرسودہ ہو چکا ہے، وزارتِ منصوبہ بندی نے ترجیحی بنیادوں پر اصلاحاتی لائحہ عمل تیا کیا ہے۔ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ اصلاحات کے بعد ملکی ترقیاتی منصوبہ بندی کیلئے برآمدی و صنعتی شعبے کی ترقی، روزگار کی فراہمی اور فی کس آمدن بڑھانے کو بنیادی حیثیت دی جائے گی۔ متعلقہ حکام نے بتایا کہ منصوبہ بندی کرتے وقت پاکستانی معاشی ترقی کا رخ درآمدی ترقی سے برآمدی ترقی کی طرف موڑا جائے گا اور عالمی و ملکی صورتحال کے پیشِ نظر سالانہ نظر ثانی کرکے ضروری ترامیم بھی کی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے ترقیاتی منصوبہ بندی کرتے وقت حکومتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی۔ موجودہ حکومت تاریخ میں پہلی مرتبہ برآمدی ترقی پر مبنی منصوبہ بندی متعارف کرا رہی ہے. وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ با صلاحیت نوجوان افرادی قوت، سیاحت اور سمندر پار مقیم پاکستانی سرمایہ کار ملک کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ سے روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کو برآمدات میں اضافے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے مزید فعال بنایاجارہا ہے۔