لاہورہائیکورٹ ، سوئی گیس کی عدم دستیابی کیخلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار

لاہورہائیکورٹ میں سوئی گیس کی قلت اورعدم دستیابی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی گئی۔لاہور ہائیکورٹ میں سوئی گیس کی قلت اورعدم دستیابی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اس معاملے میں کوئی حکم نہیں دے سکتے۔عدالت میں یہ درخواست ایڈوکیٹ سردار فرحت منظور چانڈیو نے دائر کی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سردیوں کے آغاز میں ہی ملک بھر میں گیس کی قلت شدت اختیار کرچکی ہے اورحکومت شہریوں کو بنیادی سہولیات دینے میں بھی ناکام ہو چکی ہے جب کہ ملک بھر میں گیس کا شدید بحران پیدا ہو چکا ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ  عدالت حکومت کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا حکم دے اور گیس کے بحران کے ذمے داروں کے خلاف کاروائی کا بھی حکم دیا جائے ۔