قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار پیش قدمیاں
یہ بات اطمینان بخش اور خوش آئند ہے کہ پاکستان کرکٹ کے میدان میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑتا چلا جارہا ہے۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم اس وقت بہترین، باصلاحیت اور ہنرمند نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ایک عرصہ کے بعد اس ٹیم میں یکسوئی، ذہنی ہم آہنگی اور ڈسپلن دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے اس کی کارکردگی نے ماضی کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز اور اس سے پہلے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے ساتھ مقابلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے جس خوبصورت کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس کا اعتراف پاکستان ہی نہیں ان دونوں ممالک کی ٹیموں کے کپتانوں کے علاوہ شائقین کرکٹ نے بھی کیا ہے۔ پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کیخلاف پاکستان نے ٹی 20 میں کلین سویپ کیا اور سیریز اپنے نام کرلی اور کامیابیوں کا یہ سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں آکر کھیلنا پاکستان کے پرامن ہونے کی دلیل ہے جس سے اس کا روشن چہرہ اجاگر ہواہے۔ وگرنہ اس سے پہلے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کی طرف سے پاکستان کے طے شدہ دوروں کی منسوخی نے پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پر منفی تاثر کو ابھارا تھا اور کرکٹ شائقین کو سخت مایوسی سے دوچار کردیا تھا۔اب پاکستان آئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے کامیاب دورہ نے پاکستان کے سافٹ امیج کو نمایاں کردیا ہے اور اس کے بعد دوسرے ممالک کی ٹیموں کی طرف سے بھی پاکستان کا دورہ کرنے اور کرکٹ میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی گئی ہے۔ یہ امر پاکستان، پاکستانی ٹیم اور شائقین کرکٹ کیلئے بہت حوصلہ افزاء اور دل خوش کن ہے۔