صحافیوں کے تحفظ کا ترمیمی بل آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا

آج سینیٹ کے اجلاس میں دی پروٹیکشن آف جرنلسٹ اینڈ میڈیا پروفیشنل ترمیمی بل 2022 پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس آج دو روز کے وقفے کے بعد سہہ پہر ساڑھے تین بجے ہوگا۔ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اجلاس کی صدارت کریں گے۔آج کے اجلاس کے لیے 19 نکات پر مشتمل ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ ایجنڈے میں مختلف بلز، قراردادیں اور تحاریک شامل ہیں۔دی کانسٹیٹیوشن ترمیمی بل 2022، موٹروہیکل ترمیمی بل 2022 ایجنڈے میں شامل جبکہ دی پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی ترمیمی بل 2022 بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔دی پروٹیکشن آف جرنلسٹ اینڈ میڈیا پروفیشنل ترمیمی بل 2022 کے علاوہ ملک میں بڑھتی بے روزگاری اور سائبر کرائم پر تحاریک بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔نیب کی کرپشن کے خلاف گزشتہ دو سالہ کارکردگی بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔

گذشتہ سینیٹ کے اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی رائے شماری میں مجموعی طور پر 85 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے 43 ووٹ بل کی حمایت جبکہ 42 ووٹ بل کی مخالفت میں کاسٹ کیے گئے۔اپوزیشن کی جانب سے ڈائس کا گھیراؤ کیا گیا اور نعرے بازی کی۔