شہزاد اکبر کے الزامات جھوٹ کا پلندہ‘ ثبوت ہیں تو عدالتوں کو دیں: (ن) لیگ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ شہزاد اکبر کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ مشیر احتساب اپنی نوکری بچانے کیلئے غلط بیانی کرتے ہیں۔ ان کے پاس عدالتوں میں سنانے کیلئے کچھ نہیں۔ یہ عدالتوں میں نامکمل چالان جمع کراتے ہیں۔ جب دل چاہتا ہے یہ ایک نیا کیس بنا دیتے ہیں۔ عمران نیازی کے دن گنے جا چکے ہیں ہم ان لوگوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ اگر کوئی ٹھوس ثبوت ہے تو عدالتوں میں ثابت کریں۔ ماضی میں بھی سرخرو ہوئے آئندہ بھی ہوں گے۔ ملک احمد خان نے کہا کہ حکومت کو نیب‘ عدالتوں اور برطانوی کرائم ایجنسی کے سامنے خاک چاٹنا پڑی۔ باقی مقدمات کا بھی یہی انجام ہو گا۔