سری لنکا، فورسز نے صدر سیکرٹریٹ کا کنٹرول سنبھال لیا، متعدد مظاہرین گرفتار

کولمبو(نیوز ڈیسک) سری لنکا میں فوج نے صدر سیکرٹریٹ کا کنٹرول سنبھال لیا جب کہ حکومت مخالف احتجاجی کیمپ پر کارروائی کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن فورسز نے حکومت مخالف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق فورسز نے کولمبو میں صدر کے دفتر کے باہر حکومت کے خلاف لگائے گئے احتجاجی کیمپوں کو بھی اکھاڑ دیا۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہےکہ اس دوران فورسز نے صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے موبائل فونز چھین لیے۔پولیس اور فورسز کی کارروائی کے دوران 2 زخمیوں سمیت 9 افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔سری لنکا میں فورسز کا یہ تازہ ایکشن جمعرات کے روز ملک کے نئے صدر وکرما سنگھے کے حلف اٹھانے کے بعد سامنے آیا ہے۔سری لنکا کے نومنتخب صدر نے اپنے انتخاب کے بعد حکومت مخالف احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔اس کے علاوہ جمعہ کے روز ہی سری لنکا کے نئے وزیراعظم دنیش گناوردینا نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔سری لنکا کے سینئر سیاستدان دنیش گناوردینا راجاپاکسے فیملی کے وفادار تصور کیے جاتے ہیں۔