سردیوں کے بعد اشیا خورونوش کی قیمتیں کم ہوجائیں گی ، وزیراعظم

پاکستان دنیا کا سب سے سستا ملک ہے،یہاں دیگر ممالک کے مقابلے میں مہنگائی نہیں ہے ، صحت کارڈ غریب اورسفید پوش دونوں کے لیے ہے ، ہمارانصب العین پاکستان کو فلاحی ریاست بناناہے ، ہمیں عوام کی مشکلات میں کمی لانی اورانہیں سہولیات فراہم کرنی ہوں گی، ہم لوگوں کو تکنیکی تعلیم اورہنر سکھائیں گے، ہمارے پاس جو بھی پیسہ اکھٹا ہوتاہے وہ ماضی میں لیے گئے قرض کی ادائیگی پر جاتاہے، قرض کی مد میں ادائیگی نہ کرنی ہوتی تو ہم مزید اچھے فلاحی کام کرسکتے تھے،ہم نے خیبر پختونخوا میں تیزی سے غربت کو کم کی، وزیراعظم عمران خان کا پشاور میں مائیکرو ہیلتھ انشورنس پروگرام کا اجرا اور احساس راشن پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں سستا ترین ملک ہے،یہاں دیگر ممالک کے مقابلے میں مہنگائی نہیں ہے ، سردیوں کے بعد اشیا خورونوش کی قیمتیں کم ہوجائیں گی ، صحت کارڈ غریب اورسفید پوش دونوں کے لیے ہے ، ہمارانصب العین پاکستان کو فلاحی ریاست بناناہے ، ہمیں عوام کی مشکلات میں کمی لانی اورانہیں سہولیات فراہم کرنی ہوں گی، ہم لوگوں کو تکنیکی تعلیم اورہنر سکھائیں گے، ہمارے پاس جو بھی پیسہ اکھٹا ہوتاہے وہ ماضی میں لیے گئے قرض کی ادائیگی پر جاتاہے، قرض کی مد میں ادائیگی نہ کرنی ہوتی تو ہم مزید اچھے فلاحی کام کرسکتے تھے،ہم نے خیبر پختونخوا میں تیزی سے غربت کو کم کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان اور گورنر شاہ فرمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراطلاعات فواد چوہدری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورتحال اور انتظامی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ پشاور میں کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت مائیکرو ہیلتھ انشورنس پروگرام کے اجراء کا انعقاد کیا گیا اس پروگرام کے تحت صوبے کے پچھتر لاکھ خاندانوں کو دس لاکھ روپے تک مفت صحت سہولت میسر آئے گی۔ اس پروگرام میں احساس راشن رعایت پروگرام کی رجسٹریشن اور دو کروڑ خاندان مستفید ہوں گے۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے چیک تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پارٹی کی بنیاد رکھی تو عوام کی فلاح کا سوچا پچیس سال پہلے تحریک انصاف شروع کی تو ہمارا منشور واضح تھا۔ ہمارا منشور تھا کہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست سے مراد مدینہ کی ریاست ہوتی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت ملی تو تنقید کی زد میں رہے کہ صوبے کو کیسے چلائیں ۔ صوبے میں ہم نے غربت کم کی‘ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی گئیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم پر طنز کیا گیا کہ کدھر ہے نیا خیبرپختونخواہ۔ صوبے میں صحت شعبے میں اصلاحات لائے اور کام کیا۔ ارکان اسمبلی یہاں نہیں اسلام آباد ملتے تھے۔ مجھے بتایا گیا کہ کے پی کے کے لوگ ایک ہی بار کسی کو باری دیتے ہیں۔ صوبے میں پی ٹی آئی کو مخلوط حکومت ملی تھی یہاں کے لوگوں کا جمہوریت کی طرف فطری رجحان ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وباءمیں مکمل لاک ڈاﺅن نہ لگنے پر مجھے برا بھلا کہا گیا۔ کورونا کے دوران لاک ڈاﺅن نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دنیا کہتی ہے پاکستان نے تیزی کے ساتھ اپنے ملک کو کورونا سے نکالا۔ اب بھی کہتا ہوں پاکستان دنیا میں سستا ترین ملک ہے۔ سردیوں کے بعد مہنگائی میں کمی آئے گی ہم دنیا میں سب سے کم ڈیزل اور پٹرول بیچ رہے ہیں دنیا میں تیل اور گھی کی قیمتیں بڑھ گئیں ہم نے اپنے ملک میں پیدا ہونے والی چیزوں کی قیمتیں کم رکھیں۔ پاکستان میں مہنگائی سے نمٹنے کے لئے احساس پروگرام بنایا۔ پروگرام کے تحت بیس لاکھ انتہائی کم آمدن والے خاندانوں کو بلا سود قرضہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مستحق خاندان میں ایک فرد کو ہنر سکھائیں گے۔ جتنا پیسہ ٹیکس سے اکٹھا کریں بیشتر پیسہ گزشتہ قرض اور سود ادا کرنے پر چلا جاتا ہے۔ اس وقت ہم سنتالیس ارب تریسٹھ لاکھ سکالر شپ کی شکل میں دے رہے ہیں ہر مستحق خاندان کو کامیاب پاکستان کے تحت گھر بنانے کے لئے ستائیس لاکھ کا بلا سود قرض دیں گے۔ دی اکانومسٹ نے لکھا ہے کہ پاکستان نے اپنے لوگوں اور معیشت کو بچا لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وسائل بڑھنے پر نچلے طبقات کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔ چین میں پانچ ہزار بڑے اور کل ملا کر اسی ہزار ڈیم ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے محمود خان نے کہا کہ مہنگائی اپوزیشن کا پروپیگنڈہ ہے وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ عام اور غریب آدمی کو سہولت دیں جس کا ویژن غریب کے لئے ہو وہ کیسے مہنگائی لاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے تحت دس لاکھ ہر وقت آپ کی جیب میں ہونگے۔ علماءسمیت دیگر افراد کو آج سے ہی اعزازیہ ملنا شروع ہوجائے گا۔ وزیراعظم عمران خان تعلیم پر پروگرام دے دیں تو ٹھوس چیز ہمارے پاس آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین تعلیم سے متعلق پروگرام سے مستفید ہوسکیں گے۔