داسو پراجیکٹ سیٹئرنگ کمیٹی کا اجلاس‘ مقامی لوگوں کے مطالبات پورے کرینگے: مونس الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی کی زیرصدارت وزارت آبی وسائل میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں ورلڈ بینک، حکومت خیبر پختونخواہ، وزارت توانائی اور واپڈا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ داسو کی ضلع انتظامیہ نے سٹیئرنگ کمیٹی کو بتایا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے درکار ٹوٹل 5051 ایکڑ میں سے 4185 ایکڑ اراضی کامیابی سے حاصل کر لی گئی ہے۔ کمیٹی نے اس امر کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بقیہ 866 ایکڑ اراضی 30 جون 2022ء تک حاصل کر لی جائے۔ کمیٹی نے داسو پراجیکٹ کے متاثرین کو واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور واپڈا کو ہدایت کی کہ یہ معاملہ 3 ماہ کے اندر حل کر لیا جائے۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ ضلع کوہستان کے مقامی لوگوں کے جائز مطالبات متعلقہ قوانین کی روشنی میں پورے کیے جائیں گے۔ جو اپنی تکمیل کے بعد یہ عوام کیلئے نہ صرف سستی بجلی کا ذریعہ بنے گا بلکہ اس سے پیداواری سیکٹر اور زراعت کو بھی بہت فائدہ ہو گا۔