خلیل الرحمان ماہرہ کے پیچھے کیوں پڑے ہیں، اداکارہ ریشم بھی ماہرہ کے حق میں سامنے آگئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان کی سینئر اداکارہ ریشم ماہرہ خان کی حمایت میں سامنے آگئیں۔ریشم اداکار و ہدایتکار وسیم عباس کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام ‘ہنسنا منع ہے’ میں شریک ہوئیں جس دوران پروگرام میں ایک مداح نے وسیم عباس اور ریشم سے خلیل الرحمٰن قمر سے متعلق اظہار خیال کا کہا۔اداکارہ نے کہا کہ ‘خلیل ارحمٰن کا کام بہت اچھا ہے، وہ اتنا اچھا اور اس پائے کا لکھتے ہیں کہ ان کے جیسے ڈائیلاگ ایک یا دو لوگ لکھتے ہوں گے، چاہتی ہوں اللہ انہیں اور عزت دے’۔ریشم کا کہنا تھا کہ ‘جب میں سوشل میڈیا پر پڑھتی ہوں کہ وہ ماہرہ خان جیسی قابل آرٹسٹ کے پیچھے پڑے رہتے ہیں کہ میں نے ان کو چانس دیا، بھئی آپ نے تو دیا ہی نہیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘میں پچھلے 2 سال سے دیکھ رہی ہوں وہ ماہرہ کے پیچھے پڑے ہیں کہ میں نے ان کو ڈرامہ صدقے تمہارے دیا، آپ نے کہاں دیا آپ تو رائٹر تھے، ڈرامہ تو چینل اور پروڈیوسر نے دیا ہے’۔ریشم کا کہنا تھا کہ ‘اکثر ایسا ہوتا ہے کہ لوگ نام بنانے کے لیے بڑے نام کے ساتھ اپنا نام کسی طرح جوڑتے ہیں اور وہ بھی عورت کے ساتھ جوڑتے ہیں’۔دوسری جانب وسیم عباس نے کہا ‘میرے وہ بہت اچھے دوست ہیں، ہماری ایک دفعہ بہت سنگین لڑائی بھی ہوچکی ہے، ایسا نہیں ہوسکتا خلیل الرحمٰن کسی کے ساتھ کام کریں اور ان کی لڑائی نہ ہو’۔