حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کےباعث ملکی معیشت تیزی سےترقی کررہی ہے:وزیراطلاعات
وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ اور موثر پالیسیوں کی وجہ سے کورونا وبا کے باوجود ملکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔آج اسلام آباد میں تحفظ خوراک کے وزیر سید فخر امام کے ساتھ مشترکہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ امید کی جا رہی ہے کہ موجودہ مالیاتی سال کے دوران مجموعی قومی پیداوار بدستور پانچ فیصد ہی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کسانوں کوتقریباً چار ارب روپے کی آمدن ہوئی کیونکہ حکومت کی طرف سے انہیں یوریا کھاد ایک ہزار سات سو روپے فی بوری فراہم کی گئی تھی۔اس موقع پر فخر امام نے کہا کہ وزیراعظم کی زراعت سے متعلق پالیسی کی وجہ سے ملک میں ریکارڈ زرعی پیداوار ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں معیاری زرعی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تحقیق اور تکنیکی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔وزیر تحفظ خوراک نے کہا کہ گزشتہ سال گندم کی پیداوار دوکروڑ 75لاکھ ٹن رہی جبکہ کپاس کی پیداوار نوے لاکھ گانٹھیں ہوئی تھی۔