حکومت فروغ ادب کے لئے اردو زبان کا پہلا ای ریڈر پیش کر رہی ہے :وزیراعلیٰ پنجاب

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ادیبوں اور شاعروں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار مجلس ترقی ادب کے آفس پہنچے اور پنجاب کے پہلے لاہورادبی عجائب گھر ،  ادبی بیٹھک اور چائے خانے کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ادیبوں،شاعروں اور دانشوروں سے ملاقات کی اور کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ادیبوں اور شاعروں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ مجلس ترقی ادب کے زیراہتمام پنجاب بھر کے ادیبوں اور شاعروں کو ممبرشپ کارڈ جاری کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے ادیبوں اور شاعروں کی رائٹر ویلفیئر فنڈ سے مالی معاونت ممکن ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ادیب و شاعر نگارخانہ کتب سے رعایتی نرخ پر کتابیں بھی حاصل کر سکیں گے ، ادیب و شاعر مجلس کتاب گھر کی قدیم کتابوں سے استفادہ کر سکیں گے اور آئندہ رائٹر ویلفیئر کی کسی بھی اسکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔یونیسکو نے لاہور کو سٹی آف لٹریچرقرار دیا ہے ، اسی حوالے سے شہر میں لاہور لٹریری پارک کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔