حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے.صدر
صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صدر نے زور دیا کہ مغرب بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اظہار رائے آزادی کے ساتھ مسلمانوں کے جذبات کو مدنظر رکھے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر نفرت پیدا کرنے کی بجائے مغرب کو اسلام،عیسائیت اور تمام دیگر مذاہب کے درمیان تعاون میں اضافہ کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں۔انہوں نے بھارت میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان امتیاز سمیت قانون سازی کے ذریعے کمزور اقلیتوں کے درمیان بین المذاہب تفریق پیدا کرنے کی خطرناک صورتحال کی نشاندہی کی۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں دیگر ممالک کے خلاف ایک مخصوص سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے نفرت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے لوگوں کو قریب لانے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اہداف کے حصول کیلئے ان کے اذہان کو آمادہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے مذہب کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کی۔