جوان شخص نے بوڑھی خاتون کے روپ میں بینک لوٹ لیا
جارجیا(نیوز ڈیسک)امریکی ریاست جارجیا میں پولیس ایک ایسے شخص کی تلاش کر رہی ہے جس پر ایک بزرگ خاتون کا لباس پہن کر بینک لوٹنے کا شبہ ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز جنوب مشرقی اٹلانٹا کی ہینری کاؤنٹی میں پیش آیا، مشتبہ شخص کو 6 فٹ لمبا پتلا آدمی بتایا گیا ہے۔مذکورہ شخص نے ڈکیتی کے وقت پھولدار لباس، سفید جوتے، نارنجی رنگ کے دستانے، سفید وگ اور سیاہ رنگ کا ماسک پہنا ہوا تھا جو خود کو ایک بزرگ خاتون ظاہر کر رہا تھا۔پولیس کی فیس بک پوسٹ کے کیپشن کے مطابق اس شخص نے مبینہ طور پر بینک کے عملے کے ایک رکن کو رقم دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک نوٹ دیا اور اُسے بتایا کہ اس کے پاس بندوق ہے، رقم چھیننے کے بعد مشتبہ شخص بینک سے باہر نکلا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس شخص کی بزرگ خاتون کے بھیس میں تصاویر شیئر کی گئی ہیں جبکہ صارفین نے اس عجیب و غریب واقعے پر فوری ردِعمل بھی ظاہر کیا ہے۔