تحریکِ عدم اعتماد ناکام بنانے کا مشن، وزیر اعظم لاہور کا دورہ آج کریں گے
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان تحریکِ عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے لاہور کا دورہ آج کریں گے جس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی کابینہ کے اراکین سے ملاقاتیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے کیلئے لاہور پہنچیں گے اور پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور پی ٹی آئی کے سینئر صوبائی رہنما شریک ہوں گے۔دورۂ لاہور کے موقعے پر وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء بھی لاہور پہنچیں گے۔ جہانگیر ترین گروپ نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی موجودگی میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس مں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمیں عثمان بزدار بطور وزیر اعلیٰ قبول نہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورۂ کراچی کے دوران ایم کیو ایم (پاکستان) کے عارضی مرکز بہادر آباد پہنچ گئے جہاں ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات ہوئی اور تحریکِ عدم اعتماد سمیت مختلف سیاسی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء علی زیدی، اسد عمر اور دیگر بھی ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد پہنچے جہاں متحدہ کی قیادت اور پی ٹی آئی اراکین نے استقبال کیا۔