بوم بوم آفریدی کے چاہنےوالوں کیلئے اچھی خبر ،شاہد آفریدی جونیئر لیگ میں جلوہ گر ہوں گے
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) سے منسلک ہو گئے۔اکتوبر میں شروع ہونے والی انڈر 19 جونیئر لیگ میں شاہد آفریدی کو ٹیم کا مینٹور مقرر کیا گیا ہے۔پاکستان جونیئر لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شاہد آفریدی کا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے انڈر 19 کھلاڑی پاکستان جونیئر لیگ کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس لیگ میں کھیلنے والے کھلاڑی ہمارے مستقبل کے سپر اسٹار ہوں گے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ میں بھی اس لیگ کا حصہ ہوں گا اور آپ سے اکتوبر میں ملوں گا۔خیال رہے کہ پی جے ایل کا پہلا ایڈیشن رواں سال اکتوبرمیں کھیلا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان جاوید میاندادکو پاکستان جونیئر لیگ کا مینٹور جبکہ اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی کو پی جے ایل کے ابتدائی ایڈیشن کے لیے ٹیموں کا مینٹورز مقرر کردیا ہے۔ایونٹ کی 6 فرنچائز ٹیموں کی فروخت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے چند روز قبل اشتہار جاری کیا تھا جس کے جواب میں 30 اداروں نے ٹیمیں خریدنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔