ایمرجنسی کے خلاف احتجاج ،سری لنکن شہری وزیراعظم ہائوس پر چڑھ دوڑے
کولمبو(نیوزڈیسک)سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے بعد سری لنکن صدر کے ملک سے فرار ہونے اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف مظاہرین نے ایک بار پھر وزیراعظم ہاؤس کے باہر احتجاج کیا۔ دوران احتجاج مظاہرین نے وزیراعظم ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کا استعمال کیا جب کہ مظاہرین میں خوف پیدا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کی نچلی پروازیں بھی کی گئیں۔ یاد رہے کہ سری لنکا کے صدر گوتابیا راجاپاکسے فوجی طیارے میں ملک سے فرار ہوگئے تھے جس کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ راجا پاکسے استعفیٰ دیے بغیر فوجی طیارے میں مالدیپ فرار ہوگئے تھے جس کے بعد وزیراعظم وکرما سنگھے کو سری لنکا کا قائم مقام صدر مقرر کیا گیا۔دوسری جانب سری لنکا کے آرمی چیف نے عوام سے پُرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے آئین کے احترام کا اعلان کیا ہے۔