ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر برداشت نہیں : آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، شہریوں کی درخواستوں پر مقدمات فوری درج کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ مقدمات کے اندراج میں بلا وجہ تاخیر کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ شہریوں کی املاک اور اراضیوں پر قبضے کرنے والے مافیاز کیخلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائی عمل میں لائی جائے اور قبضوں میں ملوث مافیاز اور انکے سہولت کاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔ سرکاری و نجی املاک پر قبضے کرنے والے سماج دشمن عناصر کیخلاف کاروائیوں کی تفصیلی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ تمام اضلاع میں فیلڈ اور سپروائزری افسران اپنے دفاتر یا عوامی مقامات پر کھلی کچہریوں کا باقاعدگی سے انعقاد کریں اور کھلی کچہری میں آنیوالے بزرگ شہری، معذور اور خواتین کوترجیحی بنیادوں پرسنا جائے۔ پولیس ایک ڈسپلنڈ فورس ہے لہذا تمام افسران واہلکار وقت کی پابندی، پیشہ ورانہ امور میں جاری کردہ ایس او پیز کی پاسداری اور ڈسپلن کا لازمی خیال رکھیں۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنتے اور ازالے کیلئے افسران کو احکامات دیتے ہوئے جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کے مسائل کے فوری ازالے کیلئے متعلقہ آپی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہاکہ فیلڈ افسران بھی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے فرائض سر انجام دیں۔عوامی مسائل کا ازالہ کرکے ہی پولیس شہریوں کا اعتماد حاصل کرسکتی ہے۔سپر وائزری افسران ماتحت سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اچانک دوروں کواپنا شعار بنائیں اوردفاتر میں آنے والے شہریوں سے بھی فیڈ بیک لیں۔