ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) 30 کروڑ ڈالر کی رقم پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی بہتری کیلئے منظور کی گئی ہے۔اے ڈی بی کے مطابق یہ رقم نجی سرمایہ کاری، ڈومیسٹک وسائل اور پائیدار نمو پر خرچ ہوگی۔دوسری جانب پاکستا ن نے گزشتہ مالی سال میں 7.4 ارب ڈالرز قرض ادا کردیا، ادا کی گئی رقم میں 7.267ارب ڈالرز مرکزی قرضے اور 13 کروڑ ڈالرز ضمانتی قرضے تھے۔

تفصیلات کے مطابق 30 جون 2021 کو ختم ہونے والے گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان نے مجموعی طور پر 7.4 ارب ڈالرز کے قرضے ادا کیے ہیں۔ سال بک برائے 2020-21 میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) بروقت قرضوں کی ادائیگی کا ذمہ دار ہے۔

 ادا کیے گئے غیرملکی قرضوں کی مجموعی مالیت 7.397 ارب ڈا لرز ہے جس میں 7.267 ارب ڈالرز مرکزی قرضے اور 13 کروڑ ڈالرز ضمانتی قرضے تھے۔اس طرح مرکزی قرضے 98.24 فیصد تھے، کوروناوائرس وباء کے تناظر میں جی۔20 ممالک کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی معطلی کے اقدامات (ڈی ایس ایس آئی) کا اعلان کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو قرض ریلیف کے حصول کا موقع ملا تھا۔حکومت پاکستان نے بھی جی۔20 ڈی ایس ایس آئی فریم ورک کے تحت قرضوں کی ری شیڈولنگ کی درخواست دی اور مئی 2020 سے دسمبر، 2021کے دوران مجموعی طور پر 3.785 ارب ڈالرز کی معطلی حاصل کی۔