اومی کرون کے باعث جاپانی وزیر اعظم کا امریکی دورہ منسوخ ہونے کا امکان
جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیداکورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاو کی وجہ سے امریکا کا دورہ منسوخ کرسکتے ہیں۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان کے عوامی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم فومیو کیشیدا ممکنہ طور پر اس ماہ صدر جو بائیڈن کے ساتھ بات چیت کے لیے امریکا کا طے شدہ دورہ منسوخ کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کورونا وائرس کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے کے ساتھ ساتھ امریکی سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے نئے سال کے بعد میٹنگ کو دوبارہ ترتیب دینے پر غور کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ فومیو کیشیدا اور بائیڈن نے گزشتہ ماہ گلاسگو میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی جس میں باہمی تشویش کے مسائل پر بات کرنے کے لیے سال کے آخر تک باضابطہ ملاقات کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔