الیکشن پر معاملات طے پا چکے، قوم جلد فیصلہ سن لے گی: شیخ رشید

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ضمنی الیکشن کے بجائے نئے الیکشن پر معاملات طے پا گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ اکتوبر میں الیکشن کی تاریخ، نئے الیکشن کمیشن، نگران حکومت کا فیصلہ قوم جلد سن لے گی، قرنطینہ والے بھی الیکشن کے لیے مان گئے ہیں، صرف مولانا فضل الرحمان رہ گئے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ اتحادیوں کی سیاسی ساکھ راکھ بن گئی ہے، نہ یہ عوام میں جانے کے قابل ہیں، نہ فرار ہونے کے اور نہ باہر سے بلانے کے قابل ہیں، اب خلق خدا فیصلہ کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت مذاق اور اسمبلی تماشا بن گئی ہے، بحران سری لنکا سے لبنان، عراق اور اب پاکستان کی طرف آ رہا ہے، ان ہی دنوں میں یورپ میں 4 حکومتیں ختم ہو گئی ہیں، ڈالر 250 کا، بجلی اور ایل پی جی میں 10 روپےکا اضافہ مارکیٹیں بند کرا دےگا، 6 ہزار میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال اور6 ہزار کا دکانداروں پر اضافی ٹیکس مزید معاشی تباہی لائے گا۔سابق وفاقی وزیر نے لکھا کہ یہ لوگ اسٹیٹ بینک کا گورنر لگا نہیں سکے، 30 لگثری اشیاء پر پابندی ختم کر دی، ایس این پی کا کریڈٹ منفی ہو گیا، آئی ایم ایف نے ابھی تک بیل آؤٹ نہیں کیا۔شیخ رشید نے مزید لکھا کہ ق لیگ کا نیا صدر اپنے 2 وزراء کو واپس بلائے گا، بلوچستان عوامی پارٹی والوں نے بھی بستر باندھ لیا ہے۔